آسیہ بی بی کو بری کردیا گیا تو ملک بھر میں دھرنے ہوں گے، ٹی ایل پی

IQNA

آسیہ بی بی کو بری کردیا گیا تو ملک بھر میں دھرنے ہوں گے، ٹی ایل پی

12:18 - October 13, 2018
خبر کا کوڈ: 3505214
بین الاقوامی گروپ: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے خبردار کیا ہے کہ اگر سپریم کورٹ نے گستاخی کے الزام میں سزائے موت پانے والی خاتون آسیہ بی بی کو بری کر دیا تو چند گھنٹوں میں ملک کو بند کر دیں گے

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق ٹی ایل پی نے ملک بھر میں اپنے مقامی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ اگر آسیہ بی بی کو رہا کردیا گیا تو مرکزی قیادت کے فیصلے کا انتظار کیے بغیر چند گھنٹوں میں دھرنے شروع کردیں۔

ٹی ایل پی کے سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری نے آسیہ بی بی کی ممکنہ بریت کے خلاف ہونے والے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘ججوں کے ریمارکس نے پارٹی کے رہنماؤں میں خدشات اور اضطراب پیدا کر دیا ہے کہ آسیہ بی بی کو جلد ہی رہا کر دیا جائے گا’۔

پیر افضل قادری نے پارٹی قیادت کی جانب سے منظور کی گئی 4 نکاتی قرارداد پڑھ کر سنائی اور کہا کہ آسیہ کی ممکنہ رہائی کو اسلام، آئین اور توہین مذہب کے قانون پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امن و عامہ کی صورت حال کی ذمہ داری مذکورہ ججز، حکومت اور آئین کی حفاظت کرنے والے تمام اداروں پر عائد ہوگی۔

ٹی ایل پی رہنما نے کہا کہ ‘مرکزی قیادت پہلے ہی فیصلہ کرچکی ہے کہ ملک بھر میں احتجاج ہوگا، مقامی قیادت مرکزی قیادت کے پیغام کا انتظار نہ کرے اور فوری طور پر دھرنے شروع کرے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ملک بھر میں دھرنے اس وقت تک ختم نہیں ہوں گے جب تک آسیہ بی بی کی رہائی کے ذمہ داروں کو سزا نہیں دی جاتی، یہاں تک کہ مرکزی قیادت کو قید یا مارا بھی جائے’۔

ٹی ایل پی کے کارکنوں کی بڑی تعداد لاہور میں مال روڑ کے علاوہ کراچی، ملتان اور گجرانوالا سمیت دیگر اہم شہروں میں ‘آسیہ بی بی کی ممکنہ بریت کو روکنے کے لیے’ جمع ہوئی تھی، تاہم پولیس نے گزشتہ ریلیوں کی طرح احتجاج کے ابتدا سے آخر تک رکاوٹیں کھڑی نہیں کیں جبکہ پارٹی کارکنوں کی جانب سے سڑکیں بلاک کردی گئی تھیں اور پنجاب اسمبلی کی عمارت کی جانب جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں۔

ٹی ایل پی کے سربراہ خادم حسین رضوی نے اپنے خطاب میں نہ صرف پیر افضل قادری کے اعلان کردہ فیصلوں کی توثیق کی بلکہ عدلیہ پر تنقید بھی کی، ججز کو توہین مذہب کے قانون پر اور اس کی خلاف ورزی پر ٹیلی وژن میں بحث کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے کارکنوں کو ملک بھر میں دھرنوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے اپنی تقریر ختم کی

نظرات بینندگان
captcha